پاکستان میں 5G سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری، 6 ماہ میں سروس کا آغاز

06:45 PM, 29 Dec, 2025

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 5G سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ملک میں 5G سروس کے آغاز کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، 5G سروس نیلامی کے چھ ماہ کے اندر پاکستان کے بڑے شہروں میں فراہم کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ 5G سپیکٹرم نیلامی کے لیے وفاقی حکومت جلد پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرے گی، جن میں نیلامی کے مقاصد، شرائط اور دائرہ کار کو واضح کیا جائے گا۔ ان گائیڈ لائنز کے تحت ہر سپیکٹرم بینڈ کی ابتدائی قیمت بھی مقرر کی جائے گی۔

وفاقی حکومت نے کنسلٹنٹ کی سفارشات کی بنیاد پر سپیکٹرم کی قیمت کم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ 5G سروس کی فراہمی میں تیزی لائی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق، کم قیمت کے باعث تمام ٹیلی کام کمپنیوں نے نیلامی میں حصہ لینے کی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نیلامی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، اور 5G سپیکٹرم کی نیلامی فروری 2026 کے وسط تک متوقع ہے۔ پی ٹی اے جلد ہی تفصیلی معلوماتی میمورنڈم جاری کرے گا، جس میں نیلامی کا طریقہ کار، بولی کے اصول، اور اہل ہونے کے معیار کی وضاحت کی جائے گی۔ اس میمورنڈم میں سپیکٹرم کی حد اور ادائیگی کے شیڈول کا ذکر بھی کیا جائے گا۔

مذکورہ اقدامات کے ذریعے حکومت ٹیلی کام کمپنیوں کو انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دے رہی ہے تاکہ 5G سروس کی تیز فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

 
 

مزیدخبریں