جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع جہلم میں الیکٹرک بسوں کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور مشیر صحت پنجاب جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر کیانی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
مہمان خصوصی نے جادہ کے مقام سے بس میں سوار ہو کر پورے روٹ کا وزٹ کیا، اور بس مرکزی جلسہ گاہ گورنمنٹ ہائی سکول کے گراؤنڈ پہنچی، جہاں شہریوں نے خوش آمدید کہا۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے، اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک بسوں کے لیے 22 بس اسٹینڈ مکمل اور 20 سے زائد زیر تعمیر ہیں۔