لاہور میں بسنت 2026 کی مشروط اجازت، پتنگ بازی کے لیے ضوابط جاری

02:54 PM, 29 Dec, 2025

لاہور:ضلعی انتظامیہ نے لاہور میں بسنت 2026 منانے کی اجازت دے دی ہے، جس کے تحت ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کی اجازت ہو گی، تاہم اس دوران صرف منظور شدہ اور معیاری سامان استعمال کیا جا سکے گا۔ پتنگ بازی کے سامان کی تیاری اور تجارت 30 دسمبر 2025 سے 8 فروری 2026 تک جبکہ عوام کو فروخت یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک کی جا سکے گی۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ صرف رجسٹرڈ دکاندار ہی پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے کے مجاز ہوں گے۔ مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کی رجسٹریشن 29 دسمبر سے ای-بز ایپ یا basant.punjab.gov.pk کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔

نوٹیفکیشن میں چرخی کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ دھاتی تار، نائیلون، پلاسٹک اور تیز مانجھا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ صرف مقررہ معیار کے مطابق روئی کی ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہو گی، جبکہ پتنگ کے سائز اور تعداد بھی محدود کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کو محفوظ بنانا اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

مزیدخبریں