لاہور میں 2026 میں بسنت منانے کی اجازت، انتظامات کی تفصیلات جاری

12:46 PM, 29 Dec, 2025

لاہور: لاہور میں 2026 میں بسنت منانے کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے، اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، لاہور میں بسنت کی تقریبات 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو منائی جائیں گی۔

انتظامیہ کے مطابق، بسنت کے دوران صرف منظور شدہ اور معیاری پتنگ بازی کا سامان استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ پتنگ بازی کے سامان کی تیاری اور تجارت 30 دسمبر 2025 سے 8 فروری 2026 تک مجاز ہوگی، جبکہ یہ سامان فروخت کرنے کی اجازت یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک ہوگی۔

صرف رجسٹرڈ دکاندار ہی پتنگ بازی کا سامان بیچ سکیں گے۔ اس کے لیے مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کی رجسٹریشن کا عمل 29 دسمبر 2025 سے شروع ہو چکا ہے، اور یہ رجسٹریشن ای-بز ایپ یا basant.punjab.gov.pk کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا کہ چرخی کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رکھی گئی ہے، اور دھاتی تار، نائیلون، پلاسٹک یا تیز مانجھا استعمال کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ صرف معیاری روئی کی ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، اور پتنگوں کے سائز اور گڈے کی حد بھی طے کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ نے دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سرٹیفکیٹس کو نمایاں طور پر آویزاں کریں اور سٹاک، فروخت اور سامان کی نقل و حرکت کا مکمل ریکارڈ رکھنا لازمی ہوگا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کو محفوظ اور خوشگوار انداز میں منانا ہے، تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں