کراچی: سابق قومی کرکٹر عماد وسیم نے اپنی اہلیہ ثانیہ اشفاق سے طلاق کا اعلان کیا، جس کے بعد ثانیہ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا گھر تباہ ہو چکا ہے، اور ان کے بچے اپنے والد سے محروم ہو گئے ہیں۔ ثانیہ نے یہ بھی بتایا کہ پانچ ماہ کا بچہ ابھی تک اپنے والد کی محبت سے نہیں مل سکا۔
ثانیہ اشفاق نے کہا کہ شادی کے دوران مشکلات ضرور آئیں، لیکن وہ ہمیشہ اپنے خاندان کو بچانے کی کوشش کرتی رہیں۔ تاہم، ان کا کہنا ہے کہ معاملات اس وقت بگڑے جب ایک تیسری شخصیت ان کی زندگی میں شامل ہوئی، جو عماد وسیم سے شادی کرنا چاہتی تھی۔ ثانیہ نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل اور گھر کی عزت کے لیے ذہنی اذیت اور تلخ رویہ برداشت کرتی رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ انہیں خاموش رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں، انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ انصاف مل کر رہے گا۔ ثانیہ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس معاملے کے تمام دستاویزی ثبوت موجود ہیں اور وہ دھمکیوں کا قانونی طریقے سے جواب دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بدلے کی نہیں بلکہ اپنے اور بچوں کے حق میں سچ بول رہی ہیں اور وہ ہر اس خاتون کی آواز بننا چاہتی ہیں جسے خاموش کر دیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عماد وسیم نے اپنی اہلیہ سے طویل عرصے سے چلنے والے اختلافات کا اعتراف کیا تھا اور طلاق لینے کا فیصلہ کیا۔ عماد نے کہا کہ ان کے درمیان کئی سالوں سے حل نہ ہونے والے مسائل تھے، جس کے بعد انہوں نے طلاق کے لیے قانونی کارروائی شروع کی ہے۔عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی شادی 2019 میں ہوئی تھی، اور ان کے تین بچے ہیں۔