اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علی الصبح شاہین چوک انڈر پاس کا دورہ کیا اور منصوبے کو 31 دسمبر تک مکمل کر کے ٹریفک کے لیے کھولنے کی ہدایت دی۔ وزیر داخلہ نے انڈر پاس پر جاری فنشنگ ورک اور کارپٹنگ کا معائنہ کیا اور اس کے ارد گرد ہارٹیکلچر اور لینڈ اسکیپنگ کے کام کا جائزہ بھی لیا۔
محسن نقوی نے منصوبے کے اطراف مزید پودے لگانے کی ہدایت کی تاکہ علاقے کو خوبصورت اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس انڈر پاس کے مکمل ہونے سے شاہین چوک پر ٹریفک کا سنگین مسئلہ حل ہو جائے گا اور شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ملے گی، جس سے ٹریفک جام کی پریشانی سے بھی نجات ملے گی۔
دورے کے دوران، چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی وزیر داخلہ کو منصوبے کی پیشرفت اور تکمیل کے مراحل سے آگاہ کیا۔