پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی، پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

10:58 AM, 29 Dec, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ ساتھ ہی پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 30 دسمبر سے یکم جنوری تک بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں 30 دسمبر سے 2 جنوری تک بادل برسنے کی توقع ہے۔ لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بارش ہو سکتی ہے۔ کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش 30 دسمبر کو ہونے کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، 30 دسمبر کی رات سے یکم جنوری تک کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے دیگر علاقے جیسے قلعہ سیف اللہ، نوشکی، چاغی، ہرنائی، بارکھان، سبی، لورالائی، موسیٰ خیل، دکی، گوادر، حب، لسبیلہ، کیچ، آواران اور پنجگور میں بھی بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے یہ بھی بتایا کہ خضدار، قلات، مستونگ، کچھی، واشک، خاران، سوراب، ژوب اور شیرانی میں بھی بارش متوقع ہے۔ شمالی بلوچستان اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، لہٰذا لوگوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں