سالِ وقار 2025 اور پاکستان کی نئی پہچان

09:05 AM, 29 Dec, 2025

نظام کائنات کے حیران کن مگر بہترین پہلو ؤں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ یہاں تاریخ اور تقدیر بدلتے دیر نہیں لگتی۔ خوش قسمتی سے سال 2025 تاریخِ پاکستان میں ایک ایسے باب کے طور پر رقم ہوا جس نے قومی وقار، ریاستی خود اعتمادی اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نئی جہت دی۔ یہ وہ سال تھا جس میں دفاع، معیشت اور سفارت کاری تینوں محاذوں پر پاکستان نے نہ صرف استحکام دکھایا بلکہ قیادت، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی یکجہتی کے ذریعے اپنی افادیت بھی منوائی۔ دنیا نے ایک مرتبہ پھر اس پاکستان کو دیکھا جو مشکل گھڑی میں مضبوط فیصلے کرتا ہے اور امن، تعاون اور خودمختاری کے اصولوں پر ڈٹ جاتا ہے۔اس سال افواجِ پاکستان کی جانب سے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ میں نمایاں کامیابی نے ملک کے دفاعی بیانیے کو تقویت دی۔ یہ کامیابی محض ایک عسکری پیش رفت نہیں تھی بلکہ اس نے پاکستان کے بارے میں پھیلائے گئے شکوک و شبہات کو ختم کیا اور عالمی برادری کے سامنے یہ حقیقت اجاگر کی کہ پاکستان ایک ذمہ دار، پیشہ ور اور مؤثر دفاعی ریاست ہے۔ اسی تسلسل میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں خوارج اور ملک دشمن عناصر کے خلاف فیصلہ کن ضربیں لگیں، جس سے داخلی امن و امان بحال ہوا اور عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔قیادت کی بات کی جائے تو فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی باوقار اور مدبر قیادت 2025 کی پہچان بن کر سامنے آئی۔ ان کی قیادت میں دفاعی امتیاز کے ساتھ ساتھ سفارتی محاذ بھی مضبوط ہوا۔ عسکری قیادت کی پیشہ ورانہ ساکھ نے دوست ممالک کے اعتماد کو مزید گہرا کیا اور یہی وجہ ہے کہ اس سال پاکستان کو حرمِ پاک کی سکیورٹی جیسی سعادت سونپی گئی جو عالمی سطح پر پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔
مئی 2025 میں پاک۔ بھارت جنگ نے پاکستان کے مؤقف کو دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا۔ تحمل، دفاعی تیاری اور ذمہ دارانہ ردِعمل کے باعث پاکستان کا امیج نہ صرف بحال ہوا بلکہ ایک بالغ ریاست کے طور پر ابھرا،ایک ایسی ریاست جو جنگ نہیں چاہتی مگر اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ بھی نہیں کرتی۔سفارتی میدان میں 2025 غیر معمولی طور پر کامیاب رہا۔ اس سال پاکستان نے متعدد ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطح دورے، فوری ملاقاتیں اور سٹریٹجک روابط قائم کیے۔پاکستان آنے والے نمایاں وفود اور دوروں میں چین ، جس کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری، دفاعی و اقتصادی تعاون کے معاہدے طے پائے گئے۔ پھر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ سرمایہ کاری، توانائی اور سکیورٹی تعاون کے معاہدے کامیابی سے طے پائے۔ ترکی کے ساتھ دفاعی صنعت، مشترکہ پیداوار اور تربیت کے حوالے سے معاہدوں کا دور ہوا، قطر کے ساتھ توانائی، افرادی قوت اور مالیاتی تعاون کے ساتھ سا تھ ایران اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ علاقائی رابطہ کاری، تجارت اور ٹرانزٹ ہوئے۔اس کے علاوہ یورپی یونین اور برطانیہ کے وفود کے ساتھ تجارت، تعلیم اور گورننس ڈائیلاگ ہوئے۔اگر پاکستان کی جانب سے بیرونی دوروں کی بات کی جائے تو چین، سعودی عرب، ترکی، ایران، روس، قطر، آذربائیجان اور وسطی ایشیائی ممالک کے دورے کیے گئے۔ ان دوروں کا مشترکہ مقصد تجارت، توانائی، دفاعی صنعت، علاقائی استحکام اور سرمایہ کاری کے دروازے کھولنا تھا اور سابق ناپختہ حکومت نے پاکستان کا جو بین الاقوامی تشخص متاثر کیا تھا اسے بحال کرنا بھی تھا۔ تاہم اہم دفاعی و معاشی معاہدوں میں مشترکہ دفاعی پیداوار، ڈرون اور ایئر ڈیفنس تعاون، بحری سکیورٹی، توانائی (تیل و گیس، قابلِ تجدید ذرائع)، انفراسٹرکچر، بندرگاہی ترقی، آئی ٹی اور فِن ٹیک شراکت داری شامل رہیں۔ ان معاہدوں نے پاکستان کو محض ایک صارف نہیں بلکہ علاقائی شراکت دار کے طور پر متعارف کرایا۔مزید برآں ، معاشی محاذ پر بھی 2025 حوصلہ افزا رہا۔ معاشی نظم و ضبط، سرمایہ کاری دوست ماحول اور اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان کی اقتصادی موجودگی پہلے سے مضبوط دکھائی دی۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ 2025 کے تناظر میں کرپشن اور رشوت جیسے مسائل میں کمی کا تاثر اُبھرا، جس نے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو سہارا دیا۔ اسی طرح واشنگٹن رپورٹ دسمبر 2025 میں پاکستان کی تعریف بڑھتے ہوئے وقار اور مثبت تشخص کی علامت بنی۔ ان تمام کامیابیوں کا حاصل یہ نکلا کہ پاکستان خطے میں سفارتی مرکز کی حیثیت اختیار کرتا گیا۔ جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے سنگم پر واقع پاکستان نے رابطہ کاری، ٹرانزٹ، تجارت اور امن مذاکرات کے لیے خود کو ایک ناگزیر پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا۔ یہ وہ مقام ہے جہاں مفادات ٹکراتے نہیں بلکہ ملتے ہیں اور پاکستان اسی ملاپ کی علامت بنا۔
حال ہی میں واشنگٹن رپورٹ کے مطابق 2025 پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر ایک تاریخی اور غیر معمولی پذیرائی کا سال ثابت ہوا۔ امریکی پالیسی حلقوں، تھنک ٹینکس اور بااثر سفارتی اداروں نے پاکستان کو اب محض ایک ’’مسائل زدہ ریاست‘‘ کے بجائے ایک ابھرتی ہوئی سٹریٹجک طاقت کے طور پر تسلیم کرنا شروع کر دیا ہے۔ رپورٹ میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان نے داخلی استحکام، معاشی نظم و ضبط، انسدادِ دہشت گردی میں فیصلہ کن کامیابیوں اور خطے میں ذمہ دارانہ سفارت کاری کے ذریعے اپنی ساکھ بحال کی۔ خاص طور پر عسکری و سول قیادت کے درمیان ہم آہنگی، دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور ریاستی رِٹ کے قیام نے واشنگٹن کو یہ باور کرایا کہ پاکستان اب ایک ڈسپلنڈ، بااعتماد اور قابلِ شراکت ریاست ہے جو علاقائی امن میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات محض سکیورٹی تعاون تک محدود نہیں رہے بلکہ اب انہیں معاشی شراکت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تعاون اور علاقائی استحکام کے نئے زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے۔ واشنگٹن کے پالیسی سازوں کے نزدیک پاکستان کی جغرافیائی اہمیت، چین، وسطی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے سنگم پر اس کا کردار اور افغان صورتحال میں اس کی اثر انگیزی نے اسے عالمی بساط پر دوبارہ مرکزی مقام دلایا ہے۔
قصہ مختصر کہ سال 2025 ہمیں یہ سبق دے گیا کہ قومیں نعرے سے نہیں بلکہ نظم و ضبط، قیادت اور ادارہ جاتی مضبوطی سے بنتی ہیں۔ دفاعی تیاری، سفارتی حکمت اور معاشی استحکام، یہ تین ستون جب ایک سمت میں ہوں تو ریاستیں تاریخ بناتی ہیں۔ 2025 نے پاکستان کو یہی اعتماد دیا کہ ہم کمزور نہیں، ہم منظم ہیں۔ ہم تنہا نہیں، ہم مربوط ہیں اور ہم مستقبل کے لیے تیار ہیں۔ یہ سال گزر گیا، مگر اس کے اثرات رہتی دنیا تک پاکستان کی پہچان بن کر رہیں گے۔ اس وطن عزیز کی آزاد فضاؤں میں سانس لیتے ہوئے اس دعا کے ساتھ اس سال کو رخصت اور نئے سال کو خوش آمدید کہنا چاہوں گا کہ:
خدا کرے کہ مری ارض پاک پر اترے
وہ فصل گل جسے اندیشۂ زوال نہ ہو

مزیدخبریں