نوعمر صارفین کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام پر وقت کی پابندی، میٹا کا اہم اقدام

12:58 PM, 29 Aug, 2026

کیلیفورنیا : میٹا نے کم عمر صارفین کے فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال کو محدود کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ نئے معاہدے کے تحت والدین کی منظوری کے بغیر نوعمر افراد ان پلیٹ فارمز پر روزانہ دو گھنٹے سے زیادہ وقت نہیں گزار سکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ اقدامات میں رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک نوعمروں کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام کی رسائی بند کرنا بھی شامل ہے، جبکہ سکول کے اوقات کے دوران پش نوٹیفکیشنز بھی موصول نہیں ہوں گے۔

یہ فیصلہ میٹا کے خلاف امریکا میں بچوں اور نوجوانوں کے حوالے سے دائر کیے گئے مقدمات کے بعد سامنے آیا ہے۔ کمپنی پر الزام تھا کہ اس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کم عمر صارفین کو حد سے زیادہ استعمال کی جانب راغب کرتے ہیں اور ان کی صحت و بہبود کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق میٹا نے امریکا کی تقریباً تمام ریاستوں کے ساتھ قانونی تنازع ختم کرنے کے لیے معاہدہ کرلیا ہے۔ اس تصفیے کے تحت کمپنی کو اگلے 10 سال کے دوران 18 ارب ڈالر تک ادا کرنا ہوں گے، جبکہ نوعمر صارفین کے لیے پلیٹ فارمز پر استعمال کی مزید پابندیاں بھی نافذ کی جائیں گی۔

ان معاہدوں کے اعلان کے بعد میٹا کے خلاف جاری وفاقی مقدمہ بھی ختم ہوگیا۔ مقدمے میں کمپنی پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ اس نے اپنے پلیٹ فارمز کی حفاظت سے متعلق عوام کو گمراہ کیا اور بچوں کو ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے۔

مزیدخبریں