لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جاری سیلابی صورتحال کے باعث خطرے کا شکار علاقوں کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔
مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے پوری طرح متحرک ہیں، لیکن عوام کا تعاون بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر متاثرہ فرد کے ساتھ کھڑی ہے اور گھروں، فصلوں اور مویشیوں کو ہونے والے نقصان کا مکمل اور شفاف انداز میں جائزہ لیا جا رہا ہے۔ متاثرین کو ان کا حق ضرور دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی خطرے کو نظر انداز نہ کریں اور اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔
اس سے پہلے مریم نواز نے سیلابی علاقوں کا دورہ کیا اور کشتی کے ذریعے دریائے راوی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دورے پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ محض علامتی دورہ نہیں تھا بلکہ حالات کو خود دیکھنے اور فوری فیصلے کرنے کے لیے کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دفتر میں بیٹھ کر کیے گئے فیصلے کبھی زمینی حقیقت کا مکمل ادراک نہیں دے سکتے۔
انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران کئی انتظامی خامیاں سامنے آئیں جنہیں فوری طور پر دور کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔