غزہ میں اسرائیلی بمباری جاری، درجنوں شہید، بھوک سے بلکتے بچے جان سے گئے

03:33 PM, 29 Aug, 2025

غزہ : غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ حملوں میں جمعرات کے دن 61 معصوم فلسطینی شہید ہو گئے۔ ان میں سے 19 لوگ وہ تھے جو صرف امداد لینے نکلے تھے۔ بمباری کا ایک واقعہ جبالیا کے علاقے میں اسکول کے قریب پیش آیا، جہاں کم از کم 5 افراد شہید ہوئے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق علاقے میں خوراک کا بحران اس قدر شدید ہو چکا ہے کہ مزید 4 افراد، جن میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں، بھوک سے دم توڑ گئے۔ اس طرح قحط سے مرنے والوں کی تعداد 317 ہو چکی ہے۔

صرف غزہ ہی نہیں، بلکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ رات کے چھاپوں میں درجن سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں صحافی، سماجی کارکن اور حال ہی میں رہا ہونے والے قیدی شامل ہیں۔

اس ساری صورتحال پر اقوام متحدہ کے سینکڑوں ملازمین نے ایک خط لکھ کر غزہ میں جاری خونریزی کو نسل کشی قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسی طرح آسٹریلیا کے مشہور کرکٹر عثمان خواجہ نے بھی آسٹریلوی وزیراعظم سے ملاقات کر کے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل اور نیتن یاہو پر پابندیاں لگائی جائیں۔

مزیدخبریں