کیلیفورنیا : میٹا (Meta) جلد ایک نیا فیچر فیس بک اور انسٹاگرام پر متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کے ذریعے ویڈیوز یعنی ریلز کو دوسری زبان میں خودکار طور پر ڈب کیا جا سکے گا۔
یہ ترجمہ ٹول مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ہے، جو ویڈیو کی آڈیو کو دوسری زبان میں نہ صرف ترجمہ کرے گا بلکہ نئی آواز میں ڈب بھی کرے گا۔ اس فیچر سے ویڈیوز زیادہ لوگوں تک اُن کی زبان میں پہنچائی جا سکیں گی۔
ابتدائی طور پر یہ ٹول صرف انگریزی اور ہسپانوی زبانوں کے درمیان کام کرے گا، مگر آگے چل کر دوسری زبانیں بھی شامل کی جائیں گی۔
یہ فیچر ریل اپلوڈ کرتے وقت "Translate Voices with Meta AI" کا آپشن منتخب کرنے سے فعال ہوگا۔ ویڈیو اپلوڈ کرنے سے پہلے، صارف ڈبنگ کا جائزہ بھی لے سکے گا تاکہ اگر کوئی مسئلہ ہو تو اسے درست کیا جا سکے۔
اس کے ساتھ ہی، ڈب شدہ ویڈیوز خودکار طور پر صارف کی پسندیدہ زبان میں دکھائی جائیں گی، اور ویڈیو پر ایک چھوٹا سا نشان (ٹیگ) ہوگا جو بتائے گا کہ یہ ترجمہ میٹا اے آئی نے کیا ہے۔
یہ فیچر فیس بک پر اُن صارفین کو دستیاب ہوگا جن کے کم از کم 1,000 فالوورز ہیں، جبکہ انسٹاگرام پر یہ سب عوامی اکاؤنٹس کے لیے کھلا ہوگا۔