چینی بلاگر کی انوکھی ڈش، فرائیڈ چکن شیشے کی طرح تیار

10:20 PM, 29 Apr, 2026

بیجنگ: ایک منفرد انداز کے چینی فوڈ بلاگر نے اپنی غیر معمولی تخلیق کے باعث سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا، جب انہوں نے شیشے جیسی دکھائی دینے والی نیم شفاف فرائیڈ چکن ڈش تیار کی۔

فوڈ بلاگر کائی نان اپنی تخلیقی اور غیر روایتی پکوانوں کے لیے جانے جاتے ہیں، جو وہ مالیکیولر گیسٹرونومی کی جدید تکنیکوں کے ذریعے تیار کرتے ہیں۔ ان کی تازہ ترین ایجاد ایک ایسی فرائیڈ چکن ہے جو ظاہری طور پر شفاف نظر آتی ہے اور عام کھانے کے بجائے ایک آرٹ ورک کا تاثر دیتی ہے۔

کائی نان نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اس غیر معمولی ڈش کی تیاری کا عمل دکھایا۔ اس ویڈیو نے غیر معمولی مقبولیت حاصل کی اور یوٹیوب پر تقریباً 10 لاکھ سے زائد ویوز حاصل کر لیے۔

ویڈیو میں بلاگر نے بتایا کہ اس تخلیق کے لیے چکن کی ہڈیوں، بون میرو، کولیجن اور جیل بیسڈ مکسچر استعمال کیا گیا۔ گوشت کو خاص تکنیک کے ذریعے مائع شکل میں تبدیل کر کے دوبارہ ایک ساخت دی گئی تاکہ اسے شفاف شکل دی جا سکے۔

انہوں نے روایتی فرائیڈ چکن جیسی کرسپی تہہ بھی تیار کرنے کی کوشش کی، تاہم اس ڈش کی سب سے بڑی خاص بات اس کی غیر معمولی اور شیشے جیسی ظاہری ساخت ہے۔

یہ ڈش جہاں کچھ لوگوں کے لیے حیرت اور دلچسپی کا باعث بنی ہے، وہیں کئی صارفین نے اسے عجیب اور غیر روایتی قرار دیتے ہوئے مختلف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
 
 
 

مزیدخبریں