لاہور : پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان کی پوری ٹیم 17 اوورز میں صرف 89 رنز پر پویلین لوٹ گئی، اور کوئٹہ کو جیت کے لیے معمولی 90 رنز کا ہدف ملا۔
اننگز کے آغاز میں ہی ملتان مشکلات کا شکار ہو گئی۔ ابتدائی بلے باز یاسر خان صرف 5 رنز بنا کر خرم شہزاد کا شکار بنے، جنہوں نے اگلی ہی گیند پر عثمان خان کو بھی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ کر کے میچ کا رخ بدل دیا۔
خرم شہزاد نے اپنے دوسرے اوور میں بھی تباہی مچائی اور کامران غلام (3) اور کرٹس کیمفر (4) کو واپس بھیج کر ملتان کی بنیادیں ہلا دیں۔ صرف 3.5 اوورز میں سلطانز کا اسکور 20 پر 4 وکٹ ہو چکا تھا۔
کپتان محمد رضوان نے افتخار احمد کے ساتھ مل کر سنبھلنے کی کوشش کی، مگر فہیم اشرف نے افتخار کو چھ رنز پر آؤٹ کر کے ایک بار پھر کوئٹہ کو برتری دلائی۔ فہیم نے اپنی اگلی گیند پر مائیکل بریسویل کو بغیر کوئی رن بنائے میدان بدر کر دیا۔
وسیم جونیئر نے ڈیوڈ ویلی کو 60 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کیا، جبکہ رائلی روسو کی شاندار فیلڈنگ نے اسامہ میر کو 11 رنز پر رن آؤٹ کر دیا۔ کچھ ہی دیر بعد حسن نواز کے تھرو پر محمد حسنین بھی 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
کپتان محمد رضوان آخر تک ڈٹے رہے اور ناقابل شکست 44 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، مگر دوسرے بلے بازوں کی مکمل ناکامی کے باعث ٹیم ایک بڑا اسکور ترتیب نہ دے سکی۔
کوئٹہ کے خرم شہزاد نے 4 وکٹیں لے کر نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔