تہران :ایران نے اپنی فضائی صنعت پر عائد پابندیوں کے خلاف بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم (آئی سی اے او) سے باضابطہ طور پر رجوع کر لیا ہے۔
ایرانی سول ایوی ایشن تنظیم کے سربراہ ابوذر شیروڈی نے کہا ہے کہ ہوائی اڈوں، طیاروں اور ریڈار نظام کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور مروجہ ضوابط کی خلاف ورزی اور جنگی جرائم کی واضح مثال ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق، ایران نے اسی معاملے پر دی ہیگ کی عدالت میں بھی شکایت دائر کر رکھی ہے۔ شیروڈی کا کہنا ہے کہ آئی سی اے او نے ہوائی اڈوں اور طیاروں پر حملوں کے معاملے میں ایران کے مؤقف کی تائید کی ہے، جبکہ دی ہیگ کی عدالت میں معاملہ تاحال زیرِ سماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو ممکنہ ہرجانے کا فیصلہ عدالت کی کارروائی اور حتمی فیصلے سے مشروط ہوگا۔
دوسری جانب امریکی پابندیوں کے بعد متعدد ممالک نے ایرانی ایئرلائنز کی پروازوں کی آمد و رفت روک دی ہے۔ عراق، جارجیا، متحدہ عرب امارات، آذربائیجان اور عمان میں ایرانی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق، ایرانی ایئرلائنز موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر نئے فضائی راستے کھولنے کے لیے مذاکرات کر رہی ہیں۔