میرپورخاص: سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے پروگرام کے تحت مفت پنک سکوٹیز کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے میرپورخاص میں خواتین میں سکوٹیز تقسیم کردیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے تقریب میں خواتین میں مفت پنک سکوٹیز تقسیم کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے پنک سکوٹیز کی فراہمی کا عمل جاری رہے گا اور اسے روکا نہیں جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور سندھ حکومت خواتین کی تعلیم، روزگار اور معاشرتی خودمختاری کے لیے مختلف اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے محفوظ اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی سے انہیں تعلیم اور روزگار کے مواقع تک رسائی میں مدد ملے گی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ خواتین کو اپنے روزمرہ امور کی انجام دہی اور معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ پنک سکوٹیز کی فراہمی کا پروگرام سندھ کے مختلف علاقوں تک وسعت دیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
تقریب میں سکوٹیز حاصل کرنے والی خواتین نے سندھ حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذاتی سفری سہولت سے انہیں تعلیمی اداروں اور کام کی جگہوں تک آمدورفت میں آسانی ہوگی۔