باجوڑ: باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں زمین میں چھپے بارودی مواد کے دھماکے نے 3 معصوم بچوں کی جان لے لی جبکہ 5 بچے شدید زخمی ہو گئے۔ یہ بارودی مواد فتنہ خوارج کی جانب سے ماضی میں علاقے میں چھپایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بچے کھیل رہے تھے کہ اچانک زمین میں دبے دھماکہ خیز مواد پر پاؤں پڑ گیا جس سے زوردار دھماکہ ہوا۔ واقعے کے فوراً بعد پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمی بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا، جہاں ان کا علاج ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ بارودی مواد کی تلاش اور صفائی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فتنہ خوارج نے قبائلی علاقوں کو بارودی جال میں تبدیل کر رکھا ہے، جہاں نہتے شہری، خصوصاً بچے، سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ دن پہلے وادی تیراہ میں بھی خوارج کے ذخیرہ شدہ مواد کے پھٹنے سے کئی شہری شہید اور 14 دہشت گرد مارے گئے تھے۔پاک فوج اور ریاستی ادارے عوام کے تعاون سے باجوڑ سمیت قبائلی علاقوں کو ان دہشتگردوں سے مکمل پاک کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔