لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان میں تعینات جرمن سفیر اینا لیپل کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں زراعت، ماحولیات، تعلیم، فنی تربیت، سیلاب سے نمٹنے کی حکمت عملی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے جرمنی کی جانب سے حالیہ سیلاب کے دوران یکجہتی اور بروقت تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی ہمیشہ پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے، خاص طور پر ماحولیاتی تبدیلی، خواتین کی خودمختاری، سماجی تحفظ اور انسانی ترقی جیسے اہم شعبوں میں۔
ملاقات میں فنی تربیت کے لیے جرمنی کے مشہور ڈوئل ووکیشنل ماڈل پر بھی بات ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس ماڈل کے ذریعے ہنر مند نوجوانوں کو بہتر مواقع دیے جا سکتے ہیں، اور پنجاب اس حوالے سے جرمنی کے ساتھ مزید تعاون کا خواہاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2024 میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان دو طرفہ تجارت 3.63 ارب ڈالر رہی، اور اس وقت 40 سے زائد جرمن کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں، جو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ پنجاب میں ماحولیات کا تحفظ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور سرحد پار سے آنے والی سموگ جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جرمنی کی ٹیکنالوجی اور تجربہ مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
سیلاب کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں تین دریاؤں میں بیک وقت اونچے درجے کا سیلاب آیا، لیکن حکومت نے بروقت ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے ذریعے لاکھوں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ 2.2 ملین مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ متاثرین کو رہائش، خوراک، طبی امداد، جانوروں کے لیے چارہ اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔
تعلیم کے میدان میں بھی بات چیت ہوئی، خاص طور پر جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور نصاب میں جدت لانے کی کوششوں پر۔ وزیراعلیٰ نے جرمن اسکالر این میری شمل کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کھیلوں کے میدان میں بھی جرمنی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں جرمن جونیئر ہاکی ٹیم نے لاہور کا دورہ کیا اور اسپورٹس ایکسچینج پروگرام کو مزید آگے بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ واسا کا دائرہ کار صرف چار اضلاع سے بڑھا کر اب 23 اضلاع تک کر دیا گیا ہے، جبکہ "ستھرا پنجاب" جیسے منصوبے صوبے بھر میں صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا رہے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر جرمن سفیر نے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلاب جیسی قدرتی آفات کے باوجود حکومت نے جس پیشہ ورانہ انداز میں کام کیا، وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے واسا ایکسپو کا دورہ بھی کیا اور اس کے انتظامات کو سراہا۔