کراچی : امریکی بحری جہاز یو ایس ایس وین ای میئر نے دو روزہ دورۂ پاکستان مکمل کر لیا۔ اس دورے کے دوران امریکی بحری افسران اور پاکستانی بحریہ کے حکام کے درمیان ملاقاتیں، تربیتی سرگرمیاں اور مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے۔
دورے کے موقع پر امریکی جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے ریئر ایڈمرل عبدالمُنیب (کمانڈر پاکستان فلیٹ) سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بحری شعبے میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔
دونوں ممالک کی بحری افواج نے تربیتی سیشنز اور دوستانہ مقابلوں میں حصہ لیا، جبکہ عملے نے ایک دوسرے کے جہازوں کا دورہ بھی کیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
امریکی بحری جہاز کا یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اور امریکہ خطے میں بحری سلامتی اور استحکام کے لیے ایک ساتھ کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو نئی تقویت ملی ہے۔