دبئی ائیرپورٹ نے مصنوعی ذہانت پر مبنی اسمارٹ کوریڈور متعارف کرا دیا، امیگریشن کا عمل چند سیکنڈز میں مکمل ہوگا

03:35 PM, 28 Sep, 2025

دبئی : دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے مسافروں کے لیے ایک نیا جدید نظام متعارف کروایا ہے جس کا نام ہے "ریڈ کارپٹ اسمارٹ کوریڈور"۔ اس نظام کی بدولت امیگریشن کے عمل کو اب صرف چند سیکنڈز میں مکمل کیا جا سکتا ہے، اور مسافروں کو پاسپورٹ یا بورڈنگ پاس دکھانے کی ضرورت بھی نہیں پڑتی۔

یہ دنیا کا پہلا ایسا کوریڈور ہے جو مکمل طور پر مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) پر کام کرتا ہے اور اس کے ذریعے ایک ساتھ 10 افراد باآسانی امیگریشن کرا سکتے ہیں۔ فی الحال یہ سہولت ٹرمینل تھری کے بزنس کلاس ڈپارچر ہال میں دستیاب ہے۔

دبئی حکام کا کہنا ہے کہ یہ نظام خاص طور پر خاندانوں کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا کیونکہ اس سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ امیگریشن کا عمل زیادہ آسان اور تیز ہو گیا ہے۔ مستقبل میں اسے دبئی کے تمام ٹرمینلز میں نافذ کرنے کا ارادہ ہے تاکہ ہر مسافر اس سے مستفید ہو سکے۔

یہ قدم دبئی کے ڈیجیٹل وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد شہر کو دنیا کے بہترین اور جدید ترین مقامات میں شمار کروانا ہے۔ دبئی اب آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کو بھرپور طریقے سے اپنا کر مسافروں کے تجربے کو بہتر بنا رہا ہے۔

مزیدخبریں