اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن:شہباز شریف

06:52 PM, 28 Oct, 2025

ریاض: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ملک کی ترقی کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پچھلی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں اور ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کرکے اسے مکمل ڈیجیٹائزڈ کیا گیا، جس سے کرپشن میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ انہوں نے ملک میں 60 فیصد نوجوان آبادی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، خاص طور پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) سے روشناس کروایا جا رہا ہے۔ زرعی شعبے میں جدت کے لیے نوجوان چین سے تربیت حاصل کر رہے ہیں اور ملک میں فنی تعلیم کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور پاکستان کو سیلاب اور بادل پھٹنے جیسی قدرتی آفات کا سامنا ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوتا ہے اور بحالی کے لیے زیادہ فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلسل قرضوں سے معیشت کمزور پڑتی ہے، اس لیے خود انحصاری کو ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور ملک کی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات جاری ہیں اور سعودی ولی عہد کے وژن کو خوش آئند قرار دیا۔

مزیدخبریں