پنجاب میں 15 نومبر کے بعد بغیر گرین سٹیکر گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

01:17 PM, 28 Oct, 2025

لاہور : ادارہ تحفظ ماحول پنجاب (ای پی اے) نے اعلان کیا ہے کہ 15 نومبر 2025 کے بعد وہ تمام گاڑیاں جو ایگزاسٹ ٹیسٹنگ (ای ٹی ایس) سرٹیفکیٹ یا گرین سٹیکر نہیں رکھیں گی، ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ لاہور میں اب تمام گاڑیوں کے لیے ایگزاسٹ ٹیسٹنگ ضروری ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ ای پی اے پنجاب نے لاہور میں آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف مہم شروع کر دی ہے اور 15 نومبر کے بعد ایسی گاڑیاں سڑکوں پر نظر آئیں گی تو انہیں فوراً ضبط کر لیا جائے گا۔ صرف وہی گاڑیاں سڑک پر چل سکیں گی جو ماحولیاتی معیار پر پورا اُتریں گی۔

ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا کہنا تھا کہ ای پی اے نے آلودگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے، اور اب گاڑیوں کے اخراج اور شور کی جانچ ضروری ہو گی۔ غیر تصدیق شدہ گاڑیوں کو ضبط کیا جائے گا اور ان کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی ایگزاسٹ ٹیسٹنگ فوراً کروائیں، ورنہ ان کی گاڑیاں ضبط کر لی جائیں گی۔ اس مہم کا مقصد لاہور اور پنجاب بھر میں آلودگی کی سطح کو کم کرنا اور شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔

مزیدخبریں