کراچی: ای چالان سسٹم کے پہلے 6 گھنٹوں میں شہریوں پر سوا کروڑ روپے کے جرمانے

11:59 AM, 28 Oct, 2025

کراچی : کراچی میں نئے "ای چالان" سسٹم کے آغاز کے بعد، صرف ابتدائی 6 گھنٹوں میں شہریوں پر 1 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق، ان چند گھنٹوں میں کل 2 ہزار 662 چالان جاری کیے گئے۔ سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے، جن کی تعداد 1 ہزار 535 ہے۔ اس کے علاوہ ہیلمٹ نہ پہننے پر 507، ریڈ لائٹ کراس کرنے پر 166، اور اوور سپیڈنگ پر 419 چالان کیے گئے۔

چھوٹے خلاف ورزیوں میں سٹاپ لائن توڑنے کے 4، کالے شیشے کے 7، غلط پارکنگ کے 5، نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کرنے کے 5 اور موبائل فون کے استعمال پر 32 چالان شامل ہیں۔ غلط سمت میں ڈرائیونگ اور لین لائن کی خلاف ورزی کے 3، 3 چالان کیے گئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو پہلے بھی بار بار بتایا گیا تھا کہ جدید کیمروں کے ذریعے خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا رہی ہیں، لیکن ابتدائی نتائج بتاتے ہیں کہ شہری اب بھی قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ای چالان سسٹم کو مزید علاقوں میں بڑھایا جا رہا ہے تاکہ بغیر کسی انسانی مداخلت کے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سیٹ بیلٹ پہنیں، ہیلمٹ استعمال کریں، سگنلز کی پابندی کریں اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں تاکہ جرمانوں سے بچا جا سکے اور حادثات کی شرح کم ہو۔

مزیدخبریں