کراچی : سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (SSWMB) نے عیدالاضحیٰ کے پہلے دن کراچی میں صفائی کا بڑا آپریشن مکمل کرتے ہوئے شہر سے ہزاروں ٹن آلائشیں اور کچرا منتقل کر دیا ہے۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ طارق علی نظامانی کا کہنا ہے کہ "جو کہا تھا، کر کے دکھا رہے ہیں" اور شہر کو صاف رکھنے کا عزم ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
عید کے پہلے دن کے اختتام پر میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے ایم ڈی طارق علی نظامانی نے تصدیق کی کہ عید آپریشن کے تحت شہر بھر سے 9,293 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں، جبکہ اسی دوران 11,466 ٹن معمول کا کچرا بھی کامیابی سے ٹھکانے لگایا گیا۔
شہر کے تمام اضلاع میں کچرا اٹھانے والی گاڑیاں اور عملہ گراؤنڈ پر موجود ہے، اور آلائشوں کو سائنسی طریقے سے فوری ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ آپریشن میں مکمل شفافیت رکھی جا رہی ہے اور شہریوں کو ہر مرحلے کے اعداد و شمار سے باخبر رکھا جائے گا۔ طارق علی نظامانی، ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہاکہ شہریوں کا تعاون ہی اس مہم کو مکمل کامیاب بنا سکتا ہے۔ آلائشیں سڑکوں پر پھینکنے کے بجائے نامزد کردہ پوائنٹس پر پہنچائی جائیں۔
انہوں نے کراچی کے عوام سے ایک بار پھر پرزور اپیل کی کہ وہ صفائی برقرار رکھنے اور تعفن سے بچنے کے لیے کچرا اور آلائشیں صرف مقررہ مقامات پر ہی رکھیں یا گشت کرتے ہوئے عملے کے حوالے کریں تاکہ شہر کا ماحول صاف ستھرا اور صحت مند رہے۔
عید الاضحیٰ پر کراچی میں آلائشیں اٹھانے کا آپریشن تیز؛ پہلے دن 20 ہزار ٹن سے زائد کچرا اور آلائشیں ٹھکانے لگا دیں، ایس ایس ڈبلیو ایم بی
08:31 PM, 28 May, 2026