افواجِ پاکستان کا جذبہ ایثار قوم کا فخر، دفاع ناقابلِ تسخیر ہے: چڑی کوٹ سیکٹر میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا بیان

05:07 PM, 28 May, 2026

مظفرآباد:وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے عید کا دن لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے چڑی کوٹ سیکٹر میں پاک فوج کے غازیوں اور جوانوں کے ساتھ گزارا۔ انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے عید ملی اور وطنِ عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے اور قربانیاں ملکی بقا کی ضامن ہیں اور پوری قوم کو اپنے محافظوں پر فخر ہے۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے دفاعی محاذ پر افواجِ پاکستان کی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق "آپریشن بنیانِ مرصوص" میں پاک فوج کی تاریخی فتح نے دشمن پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کا انجام کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن اس بات کی زندہ دلیل ہے کہ پاکستان کا دفاع فولادی اور ناقابلِ تسخیر ہے۔
ایل او سی کے دورے کے دوران وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کو بھی یاد کیا۔ ان کا کہنا تھا "کشمیری عوام آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی تسلط اور ظلم کے بادل چھٹنے والے ہیں اور انشاء اللہ وہاں بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

مزیدخبریں