ریاض : وزیر داخلہ محسن نقوی اور سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کے درمیان ریاض میں ایک اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، داخلی سکیورٹی اور خطے کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے روایتی گرمجوشی کے ساتھ ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی دی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر فیصلہ کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری (FC) کے سپیشل ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ کے 200 اہلکار خصوصی تربیت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔
سعودی وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور سکیورٹی فورسز کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔