راولپنڈی:پاکستان کو دنیا کی پہلی مسلم ایٹمی قوت بنے 28 سال مکمل ہونے پر سربراہانِ پاک افواج نے پوری قوم کو 'یومِ تکبیر' کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ عسکری قیادت نے اس دن کو ملکی تاریخ کا ایک درخشاں باب قرار دیا ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ائیرچیف اور نیول چیف نے اپنے خصوصی پیغامات میں واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ 28 مئی کا یہ تاریخی دن جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک توازن کی بحالی، بے مثال قومی اتحاد اور ہماری خودمختاری کی ایک مضبوط علامت ہے۔
ملک کی جوہری طاقت کو وطنِ عزیز کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے عسکری قیادت کا کہنا تھاپاکستان کی دفاعی اور سٹریٹجک صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے۔ یہ مایہ ناز تزویراتی کامیابی ہماری مدبر قیادت، باصلاحیت سائنسدانوں، انجینئرز اور پوری قوم کی طویل قربانیوں کا ثمر ہے۔
پاک افواج کے سربراہان نے مزید کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب قوم ایک پیج پر ہو تو ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن جاتا ہے۔ اس عظیم موقع پر پوری قوم نے ایک بیدار، مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے پختہ عزم اور وابستگی کی تجدید کی ہے۔
جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک توازن کی بحالی کا دن؛ یومِ تکبیر پر فیلڈ مارشل، ائیرچیف اور نیول چیف کا قوم کو شاندار خراجِ تحسین
11:10 AM, 28 May, 2026