اسلام آباد / تہران:وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ایک اہم اور طویل ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان 30 منٹ سے زائد وقت تک انتہائی دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مسعود پزشکیان نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور دونوں برادر ممالک کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خطے میں جاری کشیدگی اور پسِ پردہ ہونے والی سفارتی پیش رفت کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا "ہمیں قوی امید ہے کہ خطے میں امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا اور یہ معاہدہ یقیناً ایران کے وقار، خودمختاری اور عزتِ نفس کے عین مطابق ہوگا۔
امریکی صدر کی جانب سے حال ہی میں پاکستان کی درخواست پر ایران کے خلاف کارروائی روکنے کے انکشاف کے بعد، پاک ایران سربراہانِ مملکت کے اس طویل رابطے کو عالمی سطح پر انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین اسے خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کلیدی اور متحرک سفارتی کردار کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا، جو ایران کے وقار کے مطابق ہوگاـ:ایرانی صدر سے وزیراعظم شہباز شریف کا رابطہ
09:48 AM, 28 May, 2026