واٹس ایپ کا نیا فیچر: یوزر نیم سے رابطے کی سہولت، فون نمبر چھپانے کی آزادی

07:33 PM, 28 May, 2025

کیلیفورنیا : میسجنگ کی دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ کے لیے ایک نیا اور اہم فیچر متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنا مخصوص یوزر نیم بنا سکیں گے۔


تکنیکی ماہرین کے مطابق یہ نیا فیچر خاص طور پر اُن افراد کے لیے فائدہ مند ہوگا جو اجنبی افراد یا کاروباری اداروں سے رابطے میں آتے ہیں مگر اپنا ذاتی نمبر ظاہر کرنا نہیں چاہتے۔
یوزر نیم کی مدد سے بات چیت ممکن ہوگی اور صارف کو اپنا فون نمبر ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔


اس فیچر کے تحت ہر واٹس ایپ صارف کو ایک خاص یوزر نیم منتخب کرنے کی سہولت حاصل ہوگی، جو حروف اور نمبروں پر مشتمل ہو سکتا ہے۔ اس یوزر نیم کے ذریعے صارفین ایک دوسرے کو تلاش کر سکیں گے اور آسانی سے رابطہ قائم کیا جا سکے گا۔


ٹیکنالوجی ماہرین کا ماننا ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے یہ قدم صارفین کی رازداری اور تحفظ کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ اس سے صارفین کو اپنی ذاتی معلومات پر مزید کنٹرول حاصل ہوگا، اور وہ زیادہ محفوظ انداز میں ایپ استعمال کر سکیں گے۔


یہ نیا فیچر ابھی عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے، لیکن جلد ہی اسے واٹس ایپ کی موبائل ایپ میں متعارف کرایا جائے گا۔

مزیدخبریں