کالاچین:آذربائیجان کے شہر کالاچین میں یومِ آزادی کے موقع پر شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر الہام علیوف نے قوم کو آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے سربراہان کی شرکت ہمارے باہمی تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون خطے میں امن، ترقی اور اتحاد کی علامت ہے، اور ہم مل کر ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
ترک صدر اور پاکستانی وزیراعظم کی شرکت نے تقریب کو بین الاقوامی اہمیت دی، جس سے دنیا بھر میں ایک مثبت پیغام گیا کہ برادر اسلامی ممالک ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاع، معیشت اور سفارت کاری کے شعبوں میں تعاون پہلے ہی موجود ہے، اور اس تقریب نے ان تعلقات کو مزید فروغ دیا ہے۔