لاچین : لاچین میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آذربائیجان پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
یہ اجلاس پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان ہوا، جہاں تینوں برادر ممالک نے باہمی تعلقات، تعاون اور مشترکہ ترقی پر بات چیت کی۔ صدر علیوف نے کہا کہ یہ تینوں ممالک نہ صرف تاریخ اور ثقافت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، بلکہ اب باقاعدہ مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے مختلف منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے، اور جلد ہی پاکستان میں عملی کام شروع ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 2020 کی جنگ کے دوران پاکستان اور ترکیہ نے آذربائیجان کا ساتھ دیا، جس پر وہ تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
صدر علیوف نے بتایا کہ اب تینوں ممالک کے درمیان دفاع، سیاحت اور معیشت جیسے شعبوں میں مل کر کام کرنے کا وقت آ گیا ہے، کیونکہ یہ تعاون صرف ہمارے ملکوں کے لیے نہیں بلکہ پورے خطے کے امن اور ترقی کے لیے فائدہ مند ہوگا۔