کیلیفورنیا : ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں مصنوعی ذہانت (AI) کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے باعث معروف کمپنی IBM نے اپنے 8 ہزار ملازمین کو نوکری سے برطرف کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق زیادہ تر ملازمین کا تعلق ہیومن ریسورسز (HR) ڈیپارٹمنٹ سے تھا، جن کے کام اب AI پر مبنی سسٹمز سنبھال رہے ہیں۔ یہ سسٹمز خودکار طریقے سے ڈیٹا منظم کرنے، ملازمین کی رہنمائی کرنے اور دیگر انتظامی کام انجام دینے کے قابل بنا دیے گئے ہیں۔
IBM نے حال ہی میں اپنی HR ٹیم کے تقریباً 200 عہدے AI ایجنٹس سے تبدیل کیے ہیں، اور آنے والے وقت میں مزید شعبوں میں بھی AI کا استعمال بڑھایا جائے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کام کو زیادہ مؤثر بنانا اور بچنے والے وسائل کو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، مارکیٹنگ اور سیلز جیسے شعبوں میں لگانا ہے۔
IBM کے سی ای او اروند کرشنا کے مطابق کمپنی AI اور آٹومیشن کی مدد سے بہت آگے بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کچھ لوگوں کو نکالا گیا ہے، مگر مجموعی طور پر کمپنی میں ملازمین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جو ایک متوازن حکمت عملی کی نشاندہی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں گوگل (Alphabet) نے بھی اپنے مختلف شعبوں سے سینکڑوں ملازمین کو اچانک فارغ کیا تھا۔ یہ تمام تبدیلیاں اس بات کی علامت ہیں کہ مستقبل میں نوکریوں کی نوعیت تیزی سے بدلنے والی ہے، اور AI ٹیکنالوجی بہت سے روایتی کاموں کی جگہ لے رہی ہے۔