وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا چکن اور سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں پر سخت ردعمل

02:27 PM, 28 May, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے چکن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر قیمتوں کو قابو میں لانے کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبے میں ٹماٹر، پیاز، ادرک، لہسن، مرچ اور لیموں کی قیمتوں پر خاص نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ مریم نواز نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ان ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومتی اداروں کی موجودگی کے باوجود چکن کی قیمتوں کا بڑھنا بالکل ناقابل قبول ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے آٹے کی قیمت میں کمی کی خوشخبری دی اور روٹی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے بھی ہدایات جاری کیں۔

مریم نواز نے سبزیوں کی نقل و حمل کے اخراجات کم کرنے کے لیے بھی پلان طلب کیا اور محکمہ زراعت کو بے موسمی سبزیاں اگانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی تاکہ قیمتوں میں استحکام آئے اور عوام کو فائدہ ہو۔

مزیدخبریں