پانی کو دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی دھمکیاں عالمی اصولوں کے خلاف ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

01:36 PM, 28 May, 2025

اسلام آباد: بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے پاکستان مخالف بیان پر پاکستان نے شدید ردعمل دیا ہے اور کہا ہے کہ پانی کو دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی دھمکیاں عالمی اصولوں کے خلاف ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مودی نے ایک بار پھر نفرت اور اشتعال انگیزی پر مبنی زبان استعمال کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جسے بھارت کی طرف سے نقصان پہنچانا عالمی قوانین اور ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی ہوگی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت اپنے آپ کو دنیا میں ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پیش کرتا ہے، لیکن اس کے اقدامات اس کے دعوؤں کے بالکل برعکس ہیں۔ ترجمان کے مطابق، بھارت نہ صرف دیگر ممالک کے معاملات میں مداخلت کرتا ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھی کرتا ہے۔

دفتر خارجہ نے بی جے پی حکومت پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے حامیوں نے نفرت، تشدد اور اقلیتوں کے خلاف تعصب کو معمول بنا لیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ قومی جذبات بھڑکانے والی سیاست وقتی طور پر تالیاں تو بجوا سکتی ہے، مگر طویل المدتی امن کے لیے نقصان دہ ہے۔

پاکستان نے بھارتی عوام، خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوف کی سیاست کو رد کریں اور خطے میں امن، استحکام اور تعاون پر مبنی سوچ اپنائیں۔ واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حال ہی میں ایک انتخابی جلسے میں کہا تھا کہ بھارت نے پاکستان کے حصے کے پانی کو "روک رکھا" ہے اور صرف ابتدائی اقدامات سے ہی پاکستان میں "گھبراہٹ" پھیل گئی ہے۔

مزیدخبریں