یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کی پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش

10:28 AM, 28 May, 2025

راولپنڈی  :یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں 28 مئی کو پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن اور فخر کا دن قرار دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ تکبیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کس طرح پاکستان نے ایک متحد قوم کی حیثیت سے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ وہ اپنے دفاع کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے۔ پاکستان کی جوہری طاقت نہ صرف دفاعی دیوار ہے بلکہ یہ قوم کے عزم، اتحاد اور امن پسندی کی علامت بھی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت صرف ایک فوجی کامیابی نہیں، بلکہ یہ پوری قوم کی مشترکہ کوششوں اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ یہ قومی امانت ہے جو ملک کے ہر فرد کی امنگوں کی ترجمان ہے۔

مسلح افواج نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، اور اس کی جوہری صلاحیت کا مقصد صرف اور صرف دفاع ہے۔ ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں، لیکن اگر کوئی خطرہ لاحق ہوا تو ملک کا دفاع کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

پاک فوج نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ مادر وطن کی خودمختاری، سلامتی اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
یومِ تکبیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ متحد قوم کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔

مزیدخبریں