اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کو نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کے 6 نکاتی انقلابی اصلاحاتی پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔ بریفنگ میں اعلان کیا گیا کہ کمپنی کا نیا اور جدید آپریٹنگ ماڈل یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہو جائے گا، جس سے پاکستان کے ٹرانسمیشن نظام میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
ایم ڈی این جی سی انجینئر الطاف حسین ملک نے بریفنگ کے دوران ان کلیدی اصلاحات کی تفصیلات فراہم کیں جو ادارے کو عالمی معیار کے مطابق بنائیں گی ۔ اس میں ریئل ٹائم ڈیٹا مانیٹرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنا، پاور سیکٹر کے منصوبوں میں تاخیر کا خاتمہ اور برق رفتار تکمیل، ادارے میں سخت مالی ضوابط اور شفافیت کے نئے معیارات کا نفاذ، آپریشنل سیفٹی اور کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خود مختار نظام شامل ہے۔
وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے اصلاحاتی عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ "این ٹی ڈی سی کے دور سے چلے آنے والے 1998 کے فرسودہ ماڈل کو تبدیل کرنا ناگزیر تھا"۔ انہوں نے واضح کیا کہ این جی سی ملک کے پاور سیکٹر کی شہ رگ ہے، اور اس کی مضبوطی سے ہی صارفین کو قابلِ اعتماد بجلی فراہم کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ایم ڈی الطاف حسین ملک، جنہوں نے نومبر 2025 میں چارج سنبھالا، اپنے وسیع بین الاقوامی تجربے کی بنیاد پر اس پورے عمل کی قیادت کر رہے ہیں تاکہ ادارے کو ایک فعال اور جوابدہ کارپوریٹ ادارہ بنایا جا سکے۔
این جی سی کی تنظیمِ نو مکمل، وفاقی وزیر اویس لغاری کا مشن 2026 کے لیے اہم سنگِ میل
03:43 PM, 28 Mar, 2026