این ایف سی ایوارڈ میں قبائلی اضلاع کا حق تسلیم کیا جائے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

09:05 PM, 28 Mar, 2025

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے دسویں اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری کو خط ارسال کر دیا۔

وزیراعلیٰ نے خط میں نشاندہی کی کہ 25ویں آئینی ترمیم کے بعد قبائلی اضلاع کو خیبرپختونخوا میں شامل کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں صوبے کی آبادی میں 57 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ تاہم، این ایف سی ایوارڈ میں ان ضم شدہ علاقوں کو کوئی حصہ نہیں دیا گیا، جو کہ غیر منصفانہ ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں تمام سول اداروں کی توسیع کی جا چکی ہے، لیکن این ایف سی ایوارڈ میں حصہ نہ ملنے کی وجہ سے ان علاقوں کی ترقی اور امن و امان کی صورتحال متاثر ہو رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے لکھا کہ 2010 سے نافذ العمل این ایف سی ایوارڈ میں قبائلی اضلاع کی آبادی کے تناسب سے حصہ مختص نہیں کیا گیا، جو کہ فیڈریشن اور آئین کے آرٹیکل 160 کی روح کے منافی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے یہ بھی واضح کیا کہ قبائلی اضلاع کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہ کرنا آئینی ترمیم کے مقاصد کے برعکس ہے۔ ساتویں این ایف سی ایوارڈ کی غیر آئینی اور غیر منصفانہ توسیع کو صوبائی حکومت قبول نہیں کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ دسویں این ایف سی اجلاس کو جلد از جلد طلب کیا جائے تاکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم میں ضم اضلاع کے عوام کو بھی شامل کیا جا سکے۔

مزیدخبریں