سمندر کے ذریعے یورپ بھیجنے کے معاملے میں 4 انسانی سمگلرز گرفتار

04:09 PM, 28 Mar, 2025

گجرانوالہ:  ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے سمندر کے راستے یورپ بھیجنے کی کوشش میں ملوث 4 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔ ان افراد نے شہریوں سے کروڑوں روپے بٹورے اور انہیں غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے کی کوشش کی۔

گرفتار ملزمان کی شناخت محمد ادریس، عمر فاروق، مرزا نعیم بیگ اور اللہ دتہ کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں گجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ان افراد نے مختلف طریقوں سے شہریوں کو دھوکہ دے کر بڑی رقم ہتھائی۔

ایف آئی اے کے مطابق، نعیم بیگ نے ایک شہری سے 73 لاکھ روپے لے کر اسے اٹلی بھیجنے کا وعدہ کیا، مگر اسے لیبیا بھیج دیا اور وہاں سے غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے کی کوشش کی۔ عمر فاروق اور محمد ادریس نے شہریوں کو یورپ اور دیگر ممالک میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر 1 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد رقم جمع کی۔ اللہ دتہ نے بھی اسی طرح لاکھوں روپے حاصل کیے۔

تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور تفتیش کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ ایف آئی اے نے ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں بھی شروع کر دی ہیں

مزیدخبریں