اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کایا کالاس سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، جنگ بندی اور امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران کایا کالاس نے حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام فریقین کے درمیان رابطے کے ذرائع فعال رکھنا خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ضروری ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام اور استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے یورپی یونین کی نمائندہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فریقین جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کریں تاکہ صورتحال مزید خراب ہونے سے بچائی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین نے باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے اور علاقائی و عالمی معاملات پر مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔