سندھ بجٹ عوامی ریلیف کا بجٹ ہے، اپوزیشن اچھے کاموں کی تعریف کرے: مراد علی شاہ

03:53 PM, 28 Jun, 2026

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں بجٹ بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ جہاں حکومت عوامی مفاد میں اچھے اقدامات کرے وہاں ان کی تعریف بھی کی جانی چاہیے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کو مکمل مواقع دیے جاتے ہیں بلکہ کئی معاملات میں بہتر مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ محبت اور بھائی چارے کی دھرتی ہے، جس نے مختلف علاقوں سے آنے والوں کو قبول کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات شامل کیے گئے ہیں، جبکہ اہم ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد، سکھر موٹروے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز فراہم کرنے کا مقصد منصوبے کی تکمیل میں تیزی لانا ہے تاکہ وفاقی سطح پر تاخیر کا کوئی جواز نہ رہے۔

انہوں نے وفاق سے مالی وسائل کی فراہمی کے معاملے پر کہا کہ گزشتہ سال سندھ کو 2095 ارب روپے ملنے کا وعدہ کیا گیا تھا، جبکہ ایف بی آر کی جانب سے 1926 ارب روپے کی توقع ظاہر کی گئی، تاہم صوبے کو 1750 ارب روپے فراہم کیے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ آباد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، صرف حفاظتی بند تعمیر کرنا کافی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں دریاؤں اور بندوں کو پہلے سے زیادہ مضبوط کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ گندم کی پیداوار میں خودکفالت حاصل کرنے کے قریب ہے اور مستقبل میں گندم کی درآمد کی ضرورت نہیں رہے گی۔ مراد علی شاہ نے موٹر سائیکل سبسڈی، سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے اضافی فنڈز اور دیگر حکومتی اقدامات کا بھی ذکر کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں بڑی تعداد میں ارکان اسمبلی نے اظہار خیال کیا اور حکومت نے تمام نکات کا جواب دیا۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ سندھ کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں