مفتاح اسماعیل کا سندھ حکومت پر شدید تنقید: تعلیم، پانی اور نظام پر سنگین سوالات

02:57 PM, 28 Jun, 2025

کراچی: عوام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ 17 سال سے اقتدار میں رہنے والی پیپلز پارٹی کراچی سمیت پورے صوبے میں عوامی مسائل کا حل فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

پریس کانفرنس میں انہوں نے سندھ میں تعلیمی نظام کی زبوں حالی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مقابلے میں سندھ میں تین گنا زیادہ بچے اسکول چھوڑ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 4 ہزار ارب روپے خرچ کرنے کے باوجود آج بھی ہزاروں سکولوں میں نہ بجلی ہے، نہ پانی اور نہ ہی ٹوائلٹ۔

مفتاح اسماعیل نے سوات کے حالیہ سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر متاثرہ افراد بااثر ہوتے تو کیا ان کی جانیں ضائع ہوتیں؟

انہوں نے کراچی کی ابتر حالت پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ جیسے علاقوں میں 1972 تک پانی آتا تھا، اب وہاں کے مکین پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں سڑکیں ٹوٹی ہوئی، نالے کچرے سے بھرے اور پولیس کا کوئی نظام نظر نہیں آتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی صرف نوکریاں بیچنے میں مہارت رکھتی ہے، یہاں تک کہ مقامی افراد کو بھی نظرانداز کیا جاتا ہے، شہر میں تعینات زیادہ تر افسران غیر مقامی ہیں۔

مزیدخبریں