سوات :سوات کے علاقے فضاگٹ میں سیلابی ریلے کے باعث 18 سیاحوں میں سے 10 جاں بحق ہو گئے، چار کو زندہ بچا لیا گیا اور چار لاپتہ ہیں۔ صوبائی حکومت نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
حادثے کے فوری بعد انتظامیہ نے متاثرہ ہوٹل کو سیل کر دیا، جہاں سیاحوں نے ناشتہ کیا تھا، جبکہ مقامی لوگوں نے غفلت پر شدید احتجاج کیا۔ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے چار سرکاری افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے موقع کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ریسکیو کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مختلف شہروں میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کی مکمل امداد اور سیاحتی مقامات پر حفاظتی انتظامات مزید مضبوط کرنے کا وعدہ کیا ہے۔