یوٹیوب شارٹس کے لیے پسندیدہ تھمب نیل لگانے کی سہولت فراہم کر دی گئی

08:46 PM, 28 Jul, 2026

کیلیفورنیا: ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے صارفین، خصوصاً کانٹینٹ کریئیٹرز، کے لیے ایک نیا اور اہم فیچر متعارف کروا دیا ہے، جس کے تحت اب شارٹس ویڈیوز پر اپنی مرضی کا تھمب نیل لگایا جا سکے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سہولت فی الحال یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بننے والے کریئیٹرز کو دی جا رہی ہے۔ نئے فیچر کی بدولت وہ اپنی شارٹ ویڈیوز کے لیے الگ سے کوئی بھی تصویر منتخب کرکے بطور کور امیج استعمال کر سکیں گے۔

اس سے قبل شارٹس اپ لوڈ کرتے وقت صارفین کے پاس صرف یہی اختیار تھا کہ وہ ویڈیو کے اندر موجود کسی ایک منظر کو ہی تھمب نیل کے طور پر منتخب کریں، جس کی وجہ سے ویڈیوز کو منفرد انداز میں پیش کرنا اور ایک جیسی برانڈ شناخت قائم رکھنا آسان نہیں تھا۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس نئی سہولت سے کریئیٹرز اپنی ویڈیوز کو زیادہ پرکشش اور پیشہ ورانہ انداز میں پیش کر سکیں گے، جس سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے اور شارٹس کی مجموعی پیشکش بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

کمپنی کے مطابق شارٹس کے لیے کسٹم تھمب نیل کی سہولت صارفین کی جانب سے طویل عرصے سے کی جانے والی اہم ترین درخواستوں میں شامل تھی، جسے اب عملی شکل دے دی گئی ہے۔

مزیدخبریں