اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی توانائی ضروریات کو محفوظ اور مستحکم بنانے کے لیے آئل ریفائنریوں کی جدید طرز پر اپ گریڈیشن ناگزیر ہے، کیونکہ یہ اقدام توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریفائنریوں کی جدید کاری سے نہ صرف ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ماحول دوست اور اعلیٰ معیار کے ایندھن کی مقامی پیداوار کو بھی فروغ ملے گا۔
شہباز شریف نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات متعارف کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں شفافیت، مسابقت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ریگولیٹری نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ نظرثانی شدہ ریفائننگ پالیسی پر فوری اور مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی سستی یا غیر ضروری تاخیر ناقابل قبول ہوگی اور اصلاحاتی اقدامات کو تمام متعلقہ فریقوں کے تعاون سے تیز کیا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں دیرپا اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کار دوست ماحول کی تشکیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کیے جائیں تاکہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں کی گئی ترامیم، خصوصاً براؤن فیلڈ ریفائنری منصوبوں، کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کیا جا سکے اور بیرونی سرمایہ کاری حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے پٹرولیم ڈویژن اور اس کی ٹیم کو پالیسی میں ترامیم کی تیاری پر سراہا۔
وزیراعظم نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر بڑھانے کے لیے بھی جامع حکمت عملی اپنانے کی ہدایت جاری کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے ان کی پیداواری استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ یورو فور اور یورو فائیو معیار کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار سے فضائی آلودگی میں کمی آئے گی، بین الاقوامی ماحولیاتی تقاضے پورے ہوں گے اور صارفین کو بہتر معیار کا ایندھن میسر آئے گا۔
مزید بتایا گیا کہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں کی گئی ترامیم کا بنیادی مقصد ماحول دوست یورو فائیو معیار کے پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار کو فروغ دینا، جبکہ فرنس آئل اور دیگر کم قدر پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار کو بتدریج کم کرنا ہے۔