لاہور: نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے نیو نیوز ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کے مختلف شعبہ جات اور جدید نشریاتی نظام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وفد کے دورے پر ڈائریکٹر پروگرامنگ رضوان جرال نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور انہیں نیوز روم، پروڈکشن، پروگرامنگ اور براڈکاسٹنگ کے مراحل سے آگاہ کیا۔ شرکاء نے نیو نیوز کی پیشہ ورانہ خدمات، جدید ٹیکنالوجی اور خبر سازی کے طریقہ کار میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
رضوان جرال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا معاشرے میں مثبت سوچ کے فروغ، قومی یکجہتی اور ذمہ دارانہ صحافت کے لیے اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے وفود کے دورے نہ صرف معلومات کے تبادلے کا باعث بنتے ہیں بلکہ قومی سطح پر روابط کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔
اس موقع پر نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے نیو نیوز کی میزبانی کو سراہا اور کہا کہ دورے کے دوران انہیں میڈیا کے عملی پہلوؤں، خبروں کی تیاری اور نشریاتی عمل کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ وفد نے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں نیو نیوز کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔