فائقہ ریاض نے 16 سالہ قومی ریکارڈ توڑ دیا، کامن ویلتھ گیمز میں تاریخی کارکردگی

04:25 PM, 28 Jul, 2026

کراچی: پاکستان کی تیز ترین خاتون سپرنٹر فائقہ ریاض نے کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے خواتین کی 100 میٹر دوڑ میں نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا۔

فائقہ ریاض نے 11.64 سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے سابق قومی ریکارڈ 11.81 سیکنڈ کو بہتر بنایا، جو 2010 سے قائم تھا۔ اس شاندار پرفارمنس کے بعد وہ پاکستان کی تاریخ کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ بن گئیں۔

وہ اپنی ہیٹ میں تیسرے نمبر پر رہیں اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے سے صرف 0.12 سیکنڈ کے معمولی فرق سے محروم رہیں۔

فائقہ نے کہا کہ سیمی فائنل میں نہ پہنچنے کا افسوس ضرور ہے، تاہم قومی ریکارڈ قائم کرنا ان کے لیے بڑی کامیابی ہے اور وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے اپنی کامیابی کو مسلسل محنت، مثبت سوچ اور کوچز فیاض احمد اور گوہر شہباز کی رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا۔ فائقہ کا کہنا تھا کہ وہ منفی سوچ کے بجائے اپنی کامیابیوں پر توجہ مرکوز رکھتی ہیں۔

فائقہ ریاض کی یہ کارکردگی پاکستانی ایتھلیٹکس کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے، جہاں انہوں نے طویل عرصے سے قائم قومی ریکارڈ کو توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

مزیدخبریں