این ڈی ایم اے میں موسمیاتی چیلنجز پر اجلاس، وفاقی وزراء کا آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ

11:49 AM, 28 Jul, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزراء نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ کیا، جہاں ملک کو درپیش موسمیاتی چیلنجز اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران حکام نے وفاقی وزراء کو ارلی وارننگ سسٹم، مون سون کی تیاریوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے مختلف علاقوں میں خطرات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میدانی، شہری اور پہاڑی علاقوں کے لیے مخصوص حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ این ڈی ایم اے کے بروقت وارننگ سسٹم سے نقصانات میں کمی آئی ہے، جبکہ بروقت معلومات کی فراہمی کے ذریعے عوام کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری سیلاب کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم مون سون سے پہلے ہی حفاظتی اقدامات شروع کر دیے گئے تھے۔

رانا تنویر حسین نے موسمیاتی تبدیلی کے زرعی شعبے پر اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ضلعی اداروں کو مضبوط اور بااختیار بنانا ضروری ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ تباہ کن سیلابوں سے معیشت کو بھاری نقصان پہنچا، جبکہ عالمی بینک کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

مزیدخبریں