پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے ناران، کاغان، جھیل سیف الملوک اور دیگر سیاحتی مقامات پر داخلے کے لیے انٹری فیس لازمی قرار دے دی ہے۔ اب سیاح بغیر فیس ادا کیے ان جگہوں پر داخل نہیں ہو سکیں گے۔
حکام کے مطابق انٹری فیس کی وصولی کا مرکز حسام آباد پر قائم کیا جائے گا، جہاں سے بڑی گاڑیوں سے 200 روپے، چھوٹی گاڑیوں سے 100 روپے اور موٹر سائیکل والوں سے 20 روپے وصول کیے جائیں گے۔ تاہم، مقامی لوگ اس فیس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
یہ فیصلہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مالی حالت بہتر بنانے اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد کا کہنا ہے کہ اس سے نہ صرف آمدنی بڑھے گی بلکہ سیاحتی مقامات کی صفائی، سیکیورٹی اور سہولیات میں بھی بہتری آئے گی۔
بورڈ آف گورنرز کی منظوری کے بعد یہ فیصلہ جلد نافذ العمل ہوگا، جس سے سیاحتی علاقوں کی ترقی کو کافی مدد ملے گی۔