پنجاب میں جانوروں کی آلائشوں سے بائیو گیس بنانے کا کامیاب تجربہ

01:35 PM, 28 Jul, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب ویسٹ ٹو ویلیو" منصوبے کے تحت پنجاب میں پہلی بار قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بیکار سمجھنے کے بجائے اسے قیمتی ایندھن میں بدلنے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

یہ تجربہ لاہور کے علاقے لکھو ڈیر میں کیا گیا، جہاں 1000 میٹرک ٹن آلائشوں سے 20 سے 25 ہزار کلو بائیو گیس تیار کی گئی۔ اس گیس کی مدد سے نہ صرف ماحول صاف رہے گا بلکہ حکومت کو 60 سے 70 لاکھ روپے کی آمدن بھی متوقع ہے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق یہ پائلٹ منصوبہ چند لاکھ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا جو کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔ اب اس ماڈل کو بڑے پیمانے پر پھیلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

منصوبے کے تحت روزانہ 3 ہزار ٹن کچرا بجلی میں بدلا جا سکے گا ، 50 میگاواٹ کے ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ سے بجلی پیدا کی جائے گی ، لینڈ فل سائٹ سے آئندہ 10 سال میں 2.5 ملین ڈالر کی آمدن کا تخمینہ ہے ،ری سائیکلنگ پارک سے ہر سال 190 ملین روپے کمانے کی توقع ہے ، کاربن کریڈٹ کی مد میں بھی کروڑوں روپے کی آمدن ممکن ہو گی۔
اس کے ساتھ ساتھ، ایک ویسٹ ٹو ویلیو انکوبیشن سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے، جو نوجوانوں کو کاروباری رہنمائی، فنڈنگ اور تحقیق کے مواقع دے گا تاکہ وہ ماحول دوست منصوبوں میں حصہ لے سکیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس کامیاب قدم پر ایل ڈبلیو ایم سی کی ٹیم کو سراہا اور کہا کہ یہ منصوبہ صرف کچرا ٹھکانے لگانے کا نہیں، بلکہ ایک صاف، سرسبز اور جدید پنجاب کی بنیاد ہے۔

مزیدخبریں