پہلگام حملہ: حملہ پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، پی چدمبرم

10:21 AM, 28 Jul, 2025

نئی دہلی: بھارت کے سابق وزیر داخلہ اور سینئر کانگریسی رہنما پی چدمبرم نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے سے متعلق مودی حکومت کے دعوؤں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور پاکستانی نہیں بلکہ بھارتی تھے، اور انہوں نے یہ تربیت بھی بھارت کے اندر ہی حاصل کی۔

پارلیمنٹ میں جاری بحث کے دوران چدمبرم نے سوال اٹھایا کہ مودی سرکار کس بنیاد پر ان افراد کو پاکستانی قرار دے رہی ہے؟ کیا کوئی شناخت، شہریت یا ثبوت پیش کیا گیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ بار بار بغیر ثبوت پاکستان پر الزام لگانا ایک پرانی عادت بن چکی ہے۔

ان کے اس بیان پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ارکان برہم ہو گئے اور پارلیمنٹ میں ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ بی جے پی نے الزام لگایا کہ پی چدمبرم پاکستان کو کلین چٹ دے رہے ہیں اور بھارتی مؤقف کو کمزور کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پہلگام میں پیش آنے والے اس واقعے میں 26 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ پاکستان نے اس حملے کی سخت مذمت کی تھی اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی تھی، جسے مودی حکومت نے مسترد کر دیا تھا۔

پی چدمبرم اس سے قبل غزہ پر بھارتی حکومت کی خاموشی پر بھی سوال اٹھا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’غزہ میں انسانیت دم توڑ رہی ہے، روزانہ بے گناہ عورتیں اور بچے مارے جا رہے ہیں، مگر دنیا خاموش ہے‘‘۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف خوراک لینے کی کوشش میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

چدمبرم کا کہنا تھا کہ دنیا تب جاگتی ہے جب انسانیت کا جنازہ نکل چکا ہوتا ہے۔

مزیدخبریں